بھٹکل:23؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) کوروناوائرس کے متعلق ریاستی حکومت، سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے کوارنٹائن، آئسولیشن ،ٹسٹنگ وغیرہ کے ذریعے ریاست میں کورونا مریضوں پر ایک حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوگئی ہے یہی وجہ ہے کہ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ اب جب کہ انگلینڈ میں کورونا وائرس نئی ساخت میں SARS-Co V 2ظاہرہوا ہے، ریاست میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتےہوئے 24دسمبر سے 2جنوری کی صبح تک (رات 11بجے سے صبح 5بجے تک ) رات کا کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیاگیا ہے۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے بتایا کہ ریاست کے ایگزکیٹیو کمیٹی کے چیف سکریٹری اور چیرمن ٹی ایم وجئے بھاسکر کی طرف سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں کہاگیا ہےکہ آفاتی انتظامات ایکٹ 2005کی دفعہ 24کے تحت رات کا کرفیو نافذ کیا جارہاہے۔ بی بی ایم پی کمشنر ، پولس کمشنر، ضلع ڈپٹی کمشنر ، ضلع ایس پی اور دیگر محکمہ جات کے ذمہ داروں کو بھیجے گئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ رات کا کرفیو سختی کے ساتھ نافذ کریں۔ اس سلسلےمیں کوئی ڈھیل نہ دی جائے۔
رات کا کرفیونافذ ہونے پر کیا ہوگا اور کیا نہیں :
1۔رات کے 11بجے سے صبح 5بجے تک انفرادی طورپر کسی کی چہل پہل نہیں ہوگی ۔یعنی کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے پر پابندی رہے گی۔ سوائے اشد ضرورت کے۔
2۔ سامان سپلائی کرنے والی لاریوں، گوڈس سواریوں اور دیگر سامان سپلائی کرنےو الی مع خالی سواریوں پرکوئی پابندی نہیں ہوگی۔
3۔رات کے اوقات میں کام کرنےو الی انڈسٹریز ، کمپنی، اسوسی ایشن کو 50فی صد عملے کے ساتھ کام کی اجازت ہوگی ۔ البتہ متعلقہ ادارے کی طرف سے انہیں مصدقہ شناختی کارڈ مہیاکرنا لازمی ہوگا۔
4۔جو انڈسٹریز اور فیکٹریز 24گھنٹے کام کرتی ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی وہ معمول کے مطابق کام کرسکیں گی۔
5۔رات کے اوقات میں طویل مسافت کرنے والی بسیں ، ٹرین اور ہوائی جہاز کی اجازت ہوگی۔
6۔بس اسٹانڈ، ریلوے اسٹیشن ، ائیر پورٹس سے مسافروں کو لانے اور لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ البتہ ان کے پاس مصدقہ ٹکٹ ہونا لازمی ہوگا۔
7۔24دسمبر کی رات کو ہونے والے مڈنائٹ کرسمس ماس کی 17دسمبر 2020کو جاری کئے گئے رہنما خطوط کے مطابق اجازت ہوگی۔
8۔نئے سال کا جشن اور کرسمس کاجشن 17دسمبر 2020کو جاری کردہ آرڈی 465سرکلر میں دئیے گئے ہدایات کے مطابق منایاجاسکے گا۔